ایران کے صدر سے نریندر مودی کی فون پر بات چیت — جنگی کشیدگی پر تشویش، مذاکرات پر زور

مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے فون پر بات چیت کی۔ جنگ شروع ہونے کے بعد ایرانی صدر سے وزیر اعظم کی یہ پہلی گفتگو ہے۔
وزیر اعظم مودی نے ایران میں شہری اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا، خاص طور پر ایندھن کے مراکز پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے معصوم شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو قابو میں لانے کے لئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
مودی نے کہا کہ ایران میں مقیم تقریباً 9 ہزار بھارتی شہریوں کی سلامتی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم آبنائے ہرمز کے ذریعے ایندھن کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ اس جنگ کے باعث عالمی توانائی اور غذائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، لہٰذا فوری طور پر کشیدگی کم کر کے سفارتی حل تلاش کیا جانا چاہیے۔




