لارڈز ٹسٹ میں محمد سراج کی جارحانہ حرکت پر آئی سی سی کی کارروائی، جرمانہ اور وارننگ

لارڈز ٹسٹ میچ کے دوران جارحانہ رویہ اپنانے پر بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کارروائی کرتے ہوئے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے اور ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ درج کیا ہے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.5 کے مطابق، "آؤٹ ہونے والے بلے باز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنا یا جارحانہ انداز اختیار کرنا” خلافِ ضابطہ عمل ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انگلینڈ کے بیٹر بین ڈکیٹ آؤٹ ہوئے اور محمد سراج نے اُن کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا۔ گزشتہ دو سالوں میں یہ سراج کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد اب ان کے ریکارڈ میں دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہو چکے ہیں۔ اگر کسی کھلاڑی کے خلاف دو سال میں چار یا اس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس ہو جائیں، تو اسے میچ معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میچ کے دوران سراج کی شاندار بولنگ سے انگلش بلے بازوں کو کافی مشکلات پیش آئیں۔ تاہم جو روٹ خوش قسمت ثابت ہوئے۔ سراج کی ایک بہترین گیند ان کے پیڈ سے ٹکرائی، لیکن فیلڈ امپائر نے اپیل مسترد کر دی۔ بھارت نے ڈی آر ایس کا سہارا لیا، مگر ‘امپائرز کال’ کی بنیاد پر فیصلہ برقرار رہا، جس پر بھارتی ٹیم نے مایوسی کا اظہار کیا۔
سیریز میں امپائرنگ کے معیار پر پہلے ہی تنقید ہو رہی تھی، اور اب سابق کپتان انیل کمبلے نے بھی اپنے ردِعمل میں کہا کہ وہ گیند اسٹمپ سے باہر جاتی محسوس نہیں ہو رہی تھی۔ کافی قریب تھی، مگر پھر بھی امپائر نے نات آؤٹ قرار دیا۔