نیشنل

بندر نے ماں کی گود سے بچہ کو چھین کر کنویں میں پھینک دیا ڈائپر نے بچائی جان

نئی دہلی۔ ایک خوفناک واقعہ چھتیس گڑھ میں پیش آیا جہاں ایک بچہ کو اس کی ماں کی گود سے بندر اٹھا کر لے گیا اور اس بچہ کو ایک کنویں میں پھینک دیا تاہم بچے کے ڈایپر نے اس کی جان بچائی۔

 

مقامی میڈیا کے مطابق سیونی ضلع کے ایک گاؤں میں ایک خاتون اپنے 20 دن کے بچے کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھی ہوئی تھی۔ اس دوران کچھ بندر اچانک وہاں آئے اور خاتون پر حملہ کر دیا۔ ایک بندر نے عورت کے گود میں موجود بچے کو اٹھا لیا۔ بندر کی اس حرکت پر وہاں موجود افراد پر سکتہ طاری ہوگیا ۔فوراً خاتون اور اس پاس کے لوگ شور مچاتے ہوئے اس کا پیچھا کرنے لگے۔

 

اس دوران بندر بچے کو دور واقع ایک کنویں میں پھینک کر فرار ہو گیا۔ گاؤں کے لوگ جب بچے کو تلاش کرتے ہوئے کنویں کے قریب پہنچے تو بچہ پانی میں تیرتا ہوا دکھائی دیا جسے فوراً نکال کر بچا لیا گیا۔ مقامی نرس راجیشوری نے بتایا کہ بچے کے ڈایپر کی وجہ سے وہ پانی میں تیر رہا تھا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے بچے کی جان بچا لی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماں کی گود سے بچے کو چھین کر جب بندر جا رہا تھا تو اچھل کود کے دوران بچہ کنویں میں گر پڑا بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ بندر نے بچے کو کنویں میں پھینک دیا بہرحال بچہ کنویں میں گر پڑا تھا جسے بچا لیا گیا۔

 

 

بچے کے بچ جانے پر اس کے ماں باپ اور رشتہ داروں نے راحت کی سانس لی ورنہ وہ تمام پریشان ہو گئے تھے اور بچے کے کنویں میں گرتے ہی وہ رونے اور چلانے لگے تھے۔

 

بچہ کنویں سے نکالتے ہی اسے ایمرجنسی علاج فراہم کیا گیا۔گاؤں کے لوگوں نے شکایت کی کہ بندر اور دیگر جنگلی جانور اکثر گھروں میں آ کر حملہ کرتے ہیں لیکن کئی بار شکایات کے باوجود حکام نے کوئی کارروائی نہیں کی۔”

متعلقہ خبریں

Back to top button