بندر 20 لاکھ کے زیورات کا بیاگ چھین کر فرار

نئی دہلی ۔ ریاست اترپردیش کے شہر متھرا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک بندر نے تقریباً 20 لاکھ روپے کے زیورات پر مشتمل بیاگ ایک شخص کے ہاتھ سے چھین لیا۔ بیاگ واپس لینے کی متعدد کوششوں کے باوجود کامیابی نہ ملنے پر متاثرہ شخص نے پولیس سے مدد طلب کی۔
تفصیلات کے مطابق علی گڑھ سے تعلق رکھنے والے ہیرے جواہرات کے تاجر ابھشیک اگروال 6 جون کو اپنے ارکان خاندان کے ساتھ برنداون کی سیر کے لیے گئے تھے۔ مختلف مندروں کے درشن کے بعد جب وہ اپنی گاڑی کی طرف واپس جا رہے تھے تو ایک بندر نے ان کے ہاتھ سے بیاگ چھین لیا اور فرار ہوگیا۔ بیاگ میں قیمتی زیورات موجود تھے جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعہ پر ابھشیک اور ان کے گھر والے شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔
مقامی افراد کے مشورے پر بندر کو پھل اور خوراک دے کر بیاگ واپس لینے کی کوشش کی گئی لیکن جب یہ کوشش ناکام رہی تو پولیس کو اطلاع دی گئی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بندر کو تلاش کیا اور کئی گھنٹے کی محنت کے بعد بالآخر اس سے بیاگ واپس لے لیا۔ پولیس کے مطابق بازیاب شدہ بیگ زیورات کے ساتھ تاجر ابھشیک اگروال کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برنداون جیسے مذہبی سیاحتی مقام پر بندروں کی بڑھتی ہوئی شرارتوں پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔