مانسون کیرالہ پہنچ گیا اب گرمی سے ملے گی راحت

نئی دہلی: گرمی سے پریشان حال لوگوں کیلئے خوشخبری، ہندوستانی محکمہ موسمات نے بتایا کہ یہ مانسون وقت سے آٹھ دن پہلے ملک میں داخل ہواگیاہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دو سے تین دنوں میں یہ آندھرا پردیش میں بھی
داخل ہو جائے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق جون کے دوسرے ہفتے سے ریاست میں زبردست بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
عام طور پر مانسون یکم جون کو کیرالا پہنچتا ہے لیکن اس بار وہ کافی پہلے آ گیا ہے۔ گزشتہ 16 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب نیرتو مانسون وقت سے پہلے کیرالہ پہنچ گیا۔ آخری بار 2009 میں 23 مئی کو مانسون نے کیرالا میں قدم رکھا تھا۔
گزشتہ سال 30 مئی کو مانسون آیا تھا جبکہ 2023 میں تاخیر کے ساتھ 8 جون کو آیا۔ اس سے پہلے 2022 میں 29 مئی، 2021 میں 3 جون اور 2020 میں 1 جون کو مانسون نے کیرالا کا رُخ کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بار معمول سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ ملک کی تقریباً 52 فیصد زرعی زمین اب بھی بارش پر انحصار کرتی ہے اور ملک کی کل زرعی پیداوار کا 40 فیصد انہی زمینوں سے آتا ہے۔ اسی لیے نیرتو مانسون
بھارت کی غذائی سلامتی، اقتصادی استحکام اور جی ڈی پی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔