رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کو عبوری ضمانت منظور

دہلی کی ایک عدالت نے دہشت گردوں کو مالی تعاون کرنے کے الزام میں گرفتار رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کو عبوری ضمانت دیدی ہے ۔ پٹیالہ ہاوس کورٹ نے دو اکتوبر 2024 تک انہیں عبوری ضمانت دی ہے ۔ اگلے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں تشہیر کرنے کیلئے انہیں عبوری ضمانت دی گئی ہے ۔ انہوں نے تین مہینے کیلئے عبوری ضمانت کی درخواست دی تھی ۔ ابھی ان کی ریگولر ضمانت کی عرضی پر آرڈر زیر التوا ہے ۔
انجینئر رشید کے نام سے مشہور شیخ عبد الرشید نے جیل میں رہتے ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ سے جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ کو بڑے فرق سے ہرایا تھا ۔
انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترتے ہوئے الیکشن جیتا تھا ۔ اب ان کی قیادت والی عوامی اتحاد پارٹی ( اے آئی پی) جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں میدان میں اتررہی ہے ۔