منور فاروقی بھی بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں شامل _ کامیڈین کے قتل کا بنایا گیا تھا منصوبہ

ممبئی _ 14 اکتوبر ( اردولیکس ڈیسک) ہندو دیوی دیوتاؤں پر نازیبا تبصرے کرنے کے الزام میں کامیڈین منور فاروقی کو بھی ممبئی کی لارنس بشنوئی گینگ نے اپنی ہٹ لسٹ میں شامل کر لیا ہے پولیس کی حالیہ تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ بشنوئی گینگ نے ستمبر میں منور فاروقی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن وہ خوش قسمتی سے بچ نکلے۔ اطلاعات کے مطابق لارنس بشنوئی کی یہ خواہش تھی کہ منور فاروقی کو قتل کرکے خود کو "ہندو انڈرورلڈ ڈان” کے طور پر منوایا جائے۔
ستمبر میں جب منور فاروقی ممبئی سے دہلی میں ہونے والے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے طیارے میں سفر کر رہے تھے، تو لارنس بشنوئی گینگ کے دو کارکن بھی اسی طیارے میں ان کا پیچھا کر رہے تھے۔ دہلی پہنچ کر، گینگ کے ان افراد نے اسی ہوٹل میں کمرے بک کیے جہاں منور فاروقی ٹھہرے ہوئے تھے۔ تاہم، انٹیلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے حملے کے منصوبے کی پیشگی اطلاع ملنے پر، پولیس نے فوری طور پر منور فاروقی کو ممبئی واپس بھیج دیا۔
اگرچہ اس وقت منور فاروقی بچ نکلے، لیکن حالیہ پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ اب بھی لارنس بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں شامل ہیں۔ ممبئی پولیس نے بتایا کہ گینگ ان کے قتل کے لیے مناسب موقع کی تلاش میں ہے۔ اس وجہ سے منور فاروقی کو پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
این سی پی کے رہنما اور سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کے بعد ممبئی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس نے اس قتل کے سلسلے میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ کچھ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کی تحقیقات میں کئی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں صدیقی کے بیٹے اور موجودہ ایم ایل اے ذیشان صدیقی کا نام بھی شامل ہے۔ ہٹ لسٹ میں موجود دیگر افراد کے نام بھی حالیہ انکشافات میں سامنے آئے ہیں۔ پولیس کا ماننا ہے کہ لارنس بشنوئی نے بابا صدیقی کا قتل کر کے خود کو انڈرورلڈ ڈان کے طور پر منوانے کی کوشش کی۔