مسلم پرسنل لا بورڈ کے وفد کی مرکزی وزیر اقلیتی امور کرن ریجیجو سے ملاقات

صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی کی قیادت میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر اقلیتی امور کرن رجیجو سے اہم ملاقات کی
۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں اُمید پورٹل میں اوقافی جائیدادوں کے رجسٹریشن کی مقررہ تاریخ میں مزید توسیع، پورٹل میں پائی جانے والی تکنیکی خرابیاں دور کرنے، اور اقلیتی حقوق و آئینی مسائل سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مرکزی وزیر کرن رجیجو نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقلیتی اداروں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور شفاف رجسٹریشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اُمید پورٹل میں آنے والی تکنیکی رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے گا،
اور ہم اس پورے عمل کو آسان اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔وفد نے وزیر موصوف کو مختلف زمینی حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی اضلاع میں اُمید پورٹل کے تکنیکی مسائل کی وجہ سے اوقافی جائیدادوں کی رجسٹریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
وزیر نے اس پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو اور کسی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش باقی نہ رہے۔




