کرنول بس حادثہ کا معمہ حل۔تحقیقات میں چونکا دینے والا انکشاف

حیدرآباد: کرنول بس حادثہ کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں حادثے سے متعلق کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ یاد رہے کہ ویموری کاویری ٹراویلس کی بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
حادثے میں موٹر سائیکل چلانے والا نوجوان شیو شنکر بھی ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ شیو شنکر کی موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا شخص ایری سوامی تھا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر مختلف زاویوں سے پوچھ گچھ کی اور اہم شواہد حاصل کیے۔ کرنول ضلع کے ایس پی وکاس پٹیل نے میڈیا کو اس کیس کی تفصیلات بتائیں۔
ایس پی کے مطابق جمعہ کی رات پیش آنے والے اس حادثے کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ شیو شنکر اپنی بائیک پر ایری سوامی عرف نانی کے ساتھ جا رہا تھا۔ دونوں آدھی رات کے بعد تقریباً دو بجے لکشمی پورم گاؤں سے تُگّلی کی جانب روانہ ہوئے۔ راستے میں انہوں نے کیّا شوروم کے قریب واقع پیٹرول پمپ سے تین سو روپے کا پیٹرول بائیک میں بھروایا۔
پیٹرول پمپ سے نکلنے کے کچھ دیر بعد ہی تقریباً رات ڈھائی بجے کے قریب چھِنّ ٹیکورو کے قریب ان کی موٹر سائیکل بے قابو ہوگئی اور سڑک کے کنارے موجود ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں شیو شنکر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ پیچھے بیٹھا ایری سوامی معمولی زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق ایری سوامی نے زخمی شیو شنکر کو سڑک کے کنارے ہٹانے اور بائیک کو سیدھا کرنے کی کوشش کی لیکن
اتنے میں تیز رفتار بس وہاں پہنچی اور بائیک سے ٹکرا کر اسے کچھ فاصلے تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔ تصادم کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ خوف کے عالم میں ایری سوامی موقع سے فرار ہو کر اپنے آبائی گاؤں تُگّلی چلا گیا۔
ایس پی وکاس پٹیل کے مطابق کیس میں مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات ہے۔
 
 


