اتر پردیش کے میرٹھ میں ’ برہنہ گینگ‘ کی دہشت، خواتین میں خوف و ہراس

نئی دہلی: اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں ‘نیوڈ گینگ’ کی سرگرمیوں سے مقامی عوام سخت پریشان ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حالیہ دنوں میں میرٹھ کے کئی دیہاتوں میں کچھ مرد برہنہ حالت میں آکر خواتین کو سنسان مقامات کی طرف گھسیٹ کر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس گینگ نے اب تک چار مرتبہ خواتین پر حملہ کیا ہے۔تازہ واقعہ میرٹھ کے "بھارالا” گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک خاتون تہنادفتر جا رہی تھی۔ اسی دوران سنسان مقام پر ’نیوڈ گینگ‘ کے افراد نے اُسے کھیتوں کی طرف گھسیٹنے کی کوشش کی۔ تاہم خاتون کے شور مچانے پر وہ فرار ہو گئے۔
گاؤں والوں نے بتایا کہ شور سن کر کچھ لوگوں نے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی نظر نہیں آیا۔ متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ حملہ کرنے والے افراد مکمل طور پر برہنہ تھے۔گاؤں کے ایک بزرگ نے انکشاف کیا کہ ہمارے گاؤں کی تین خواتین کو بھی اسی قسم کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا لیکن خوف اور شرمندگی کی وجہ سے وہ خاموش رہیں۔ چونکہ حالات خطرناک ہوتے جا رہے تھے اس لیے ہم نے پولیس سے رجوع کیا ہے۔
بھارالا، دورالا اور قریبی دیہات کے کئی لوگوں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ‘نیوڈ گینگ’ کو دیکھا ہے۔ پولیس نے ان بیانات کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق فی الحال کسی بھی مشتبہ فرد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ گروہ دیہاتوں کے آس پاس موجود جنگلاتی علاقوں میں چھپا ہوا ہو سکتا ہے،
پولیس ڈرونز کی مدد سے سرچ آپریشن کر رہی ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مختلف دیہات میں اضافی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔