نیٹ امتحان۔ گریس مارکس حاصل کرنے والے طلباء کا دوبارہ ہوگا امتحان

نئی دہلی: نیٹ یو جی 2024 میں گریس مارکس حاصل کرنے والے زائد از 1500 طلباء کو دوبارہ امتحان لکھنا ہوگا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا تھا جس پر آج سماعت ہوئی۔ نیٹ یوجی 2024 کے امتحان اور اس کے نتائج کے تعلق سے جاری تنازعہ پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ طلبہ کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کونسلنگ ہوتی رہے گی اور ہم اس پر روک نہیں لگا رہے ہیں۔
عدالت نے کہا ہے کہ امتحان کو پوری طرح سے منسوخ کر دینا مناسب نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وزارت تعلیم کی طرف سے تشکیل دی گئی چار رکنی کمیٹی نے 1500 سے زیادہ بچوں کا دوبارہ امتحان لینے کا مشورہ دیا ہے۔ اگر یہ لوگ دوبارہ پیپر نہیں دیتے ہیں تو گریس مارک ہٹانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے آج سپریم کورٹ کو بتایا کہ نیٹ کے نتائج میں جن 1500 سے زائد طلبہ کو گریس مارکس دئے گئے تھے اسے برخواست کیا جائے گا اور انہیں دوبارہ امتحان لکھنے کا موقع دیا جائے گا۔
جاریہ سال منعقدہ نیٹ کے امتحان میں 1563 سے زائد طلباء کو گریس نشانات دیے گئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں یہ امتحان لکھنے والے طلباء میں برہمی کی لہر پائی جاتی تھی اور احتجاج کیا جارہا تھا۔ اسی دوران نیٹ امتحان میں بد عنوانیوں کے الزامات کے پیش نظر مرکزی محکمہ تعلیمات نے گزشتہ ہفتہ چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے 1563 طلباء کو جنہیں گریز مارکس دئے گئے تھے سے متعلق تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کمیٹی نے گریس نشانات حاصل کرنے والے 1563 طلباء کے اسکور کارڈ منسوخ کرنے اور انہیں دوبارہ امتحان دینے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔