نیٹ-یو جی 2026 نوٹیفکیشن جاری – رجسٹریشن کا آغاز

میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ جس نیٹ-یو جی 2026 نوٹیفکیشن کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے، وہ جاری کردیا گیا ہے۔ ملک کے سب سے باوقار اس امتحان کے لیے رجسٹریشن اتوار سے شروع ہوچکی ہے۔
اس امتحان کے ذریعہ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، آیوش کورسس، بی وی ایس سی، اے ایچ، بی ایچ ایم ایس کے ساتھ بی ایس سی نرسنگ (ایم این این ایس) سمیت مختلف کورسس میں داخلے دیئے جاتے ہیں۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے اپنی ویب سائٹ neet.nta.nic.in پر رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے اور ایک ماہ تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ یعنی آئندہ 8 مارچ رات 9 بجے تک رجسٹریشن کی مہلت رہے گی جبکہ فیس کی ادائیگی اسی دن رات 11:50 بجے تک کی جاسکے گی۔ درخواستوں میں غلطیوں کی اصلاح کے لیے 10 سے 12 مارچ تک موقع فراہم کیا جائے گا۔ امتحان 3 مئی بروز اتوار دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد ہوگا۔
تین گھنٹے کے اس امتحان کو قلم کے ذریعہ تحریری طور پر دینا ہوگا اور طلبہ کو 13 زبانوں میں سے اپنی پسند کی زبان منتخب کرنے کی سہولت ہوگی۔ امتحان بیرونِ ملک بھی منعقد کیا جائے گا جبکہ درخواست دینے کا پورا عمل صرف آن لائن ہوگا۔



