یکم اپریل سے نیا انکم ٹیکس قانون نافذ – بجٹ تقریر میں وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کا اعلان

مرکزی وزیرِ فینانس نرملا سیتارامن نے اعلان کیا ہے کہ یکم اپریل سے نیا انکم ٹیکس قانون نافذ العمل ہوگا۔ انہوں نے یہ بات لوک سبھا میں بجٹ تقریر کے دوران کہی۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق نئے قانون میں ایسی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے تحت عام شہریوں کے لیے بھی انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنا آسان بنایا گیا ہے، جبکہ سادہ اور سہل درخواستیں جلد دستیاب ہوں گی۔
نرملا سیتارامن نے بتایا کہ سڑک حادثات کے معاوضے پر ملنے والے سود پر عائد ٹیکس ختم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ترمیم شدہ ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ کو 31 دسمبر سے بڑھا کر 31 مارچ کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی سفر پر عائد ٹیکس میں کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور علاج سے متعلق ٹی سی ایس کو 5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کیا جا رہا ہے، جبکہ افرادی قوت فراہم کرنے والی کمپنیوں پر عائد ٹی ڈی ایس میں بھی کمی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 1961 کے انکم ٹیکس قانون کی جگہ نیا قانون متعارف کروایا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ فینانس نے لوک سبھا میں اعلان کیا کہ نیا ’’انکم ٹیکس قانون-2025‘‘ یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔



