نیشنل

چیف منسٹر نتیش کمار کے بااعتماد رفیق محمد زماں خان بنے دوبارہ وزیر

بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار کی حکومت  نے اپنے قابلِ اعتماد اور تجربہ کار قائدین کو نئی کابینہ میں شامل کیا ہے۔ وِجئے چودھری، اشوک چودھری، بریجندر یادو اور شروان کمار جیسے نام دوبارہ وزیر بنائے گئے ہیں۔

 

اس کے ساتھ ہی محمد زماں خان کی بھی واپسی ہوئی ہے، جنہیں اقلیتی طبقہ کا اہم چہرہ سمجھا جاتا ہے۔ جے ڈی یو نے زماں خان کو دوبارہ وزیر بناتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ پارٹی اقلیتی کمیونٹی میں اپنی مضبوط گرفت قائم رکھنا چاہتی ہے۔

 

زماں خان کیمور ضلع کے چین پور سے رکن اسمبلی کے طور پر دوبارہ منتخب ہوئے ہیں  اور وہ اپنے علاقے میں مضبوط عوامی حمایت رکھتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ زماں خان کا جنم کیمُور کے نوغرا گاؤں میں ہوا۔ انہوں نے بارہویں جماعت تک کی تعلیم وارانسی میں حاصل کی۔ ان کا خاندان پہلے ہندو راجپوت تھا، جس نے بعد میں اسلام قبول کیا، لیکن آج بھی ان کے خاندان میں دونوں مذاہب کا تعلق دکھائی دیتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ایک منفرد سماجی پس منظر کے قائد سمجھے جاتے ہیں۔

 

2005 میں بسپا سے سیاست شروع کرنے کے بعد تین انتخابی ناکامیوں نے ان کا راستہ مشکل بنایا۔ لیکن 2020 میں انہوں نے چین پور حلقہ سے بی ایس پی کے ٹکٹ پر پہلی بڑی جیت حاصل کی اور اسمبلی پہنچے۔

 

2021 میں انہوں نے بی ایس پی سے جے ڈی یو میں شمولیت اختیار کی اور فوراً اقلیتی بہبود کے وزیر مقرر ہوئے۔ اب نئی حکومت میں دوبارہ انہیں وزیر بنانا اس بات کی نشاندہی ہے کہ پارٹی ان کے کام اور عوامی گرفت دونوں کو اہمیت دیتی ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button