بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے راجیہ سبھا کے لئے نامزدگی داخل کی

بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج راجیہ سبھا کے لئے اپنی نامزدگی داخل کر دی۔ انہوں نے اسمبلی کے سیکریٹری کھیتی سنگھ کے دفتر میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں نامزدگی کے کاغذات جمع کئے۔
نتیش کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ انہوں نے راجیہ سبھا کے لئے نامزدگی داخل کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی سیاست میں آئندہ دنوں بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔
نتیش کمار بہار میں سب سے طویل مدت تک چیف منسٹر رہنے والے لیڈر کے طور پر ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ بہار اسمبلی اور کونسل کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن بنیں، اور اب انہیں راجیہ سبھا جانے کا موقع مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عوام نے ان پر جو اعتماد اور بھروسہ کیا، اسی کی بنیاد پر وہ بہار کی خدمت کرتے رہے اور ریاست کو ترقی کی نئی سمت دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے عوام کی حمایت پر ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔
سیاسی حلقوں میں یہ بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اگر نتیش کمار چیف منسٹر کے عہدے سے دستبردار ہوتے ہیں تو بہار میں نئی قیادت سامنے آ سکتی ہے۔ اس صورت میں نتیانند رائے اور سمراٹ چودھری کو چیف منسٹر کے عہدے کے مضبوط امیدواروں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



