نتیش کمار معافی مانگیں استعفیٰ دیں۔ دہلی میں بعد نماز جمعہ زبردست احتجاج

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے مصطفی آباد اسمبلی حلقہ میں بعد نماز جمعہ فاروقیہ مسجد کے پاس کانگریس کی جانب سے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین نے ’پلو، پردہ اور نقاب، دیش کی بہن بیٹیوں کا ہے سمان‘ جیسے نعرے لگائے اور نتیش کمار سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ ملک کی بہن بیٹیوں سے معافی مانگیں۔
اس معاملے پر نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر و مصطفی آباد کے سابق رکن اسمبلی حسن احمد نے وزیر اعلی نتیش کمار کی اس نازیبار حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا سرعام نقاب کھینچنا غیر اخلاقی اور کسی بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے وقار کے خلاف ہے۔
اس حرکت سے صرف وہی خاتون دل برداشتہ نہیں ہوئی بلکہ ملک کی تمام بہن بیٹیوں کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کی سوچ اور ان کا طرز عمل آر ایس ایس کے ایجنڈے سے میل کھاتا ہے۔ وہ اب تک سیکولرزم کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں اور سیکولر عوام کو دھوکہ دیتے رہے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سے ان کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے۔
کانگریس کے نوجوان لیڈرعلی مہدی نے کہا کہ ہم لوگ کسی بھی حال میں بہن بیٹیوں کی توہین برداشت نہیں کر سکتے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک پڑھی لکھی ہی نہیں بلکہ ڈاکٹر کے ساتھ جو حرکت کی ہے اس سے ملک کی ہر خاتون صدمے میں ہے، کیوں کہ سرعام ایسی حرکت تو من چلے لڑکے بھی نہیں کرتے۔
مصطفیٰ آباد کے تمام عوام سخت الفاظ میں اس حرکت کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کی ہر خاتون سے معافی مانگیں اور استعفیٰ بھی دیں۔



