سڑک پر تڑپتا رہا شوہر، بیوی ہاتھ جوڑ کر مدد مانگتی رہی، بنگلورو میں انسانیت خاموش رہی

کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں سڑک پر دل کا دورہ پڑنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی، جبکہ مدد کے لئے اس کی بیوی کی فریاد کو راہگیروں نے نظر انداز کیا ۔
تفصیلات کے مطابق بناسشکری علاقہ کے رہائشی 34 سالہ وینکٹ رمنن کو 13 دسمبر کی علی الصبح ساڑھے تین بجے سینے میں شدید درد اٹھا۔ طبیعت بگڑنے اور قے آنے کے بعد وہ اپنی بیوی کے ساتھ بائیک پر قریبی خانگی ہاسپٹل پہنچا، مگر وہاں ڈاکٹر موجود نہیں تھے۔ بعد ازاں ایک دوسرے خانگی ہاسپٹل میں ای سی جی ٹیسٹ کے بعد ہلکے دل کے دورے کی تصدیق ہوئی، تاہم نہ تو ابتدائی علاج فراہم کیا گیا اور نہ ہی ایمبولینس دی گئی۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر جئے دیوا ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا۔
بیوی کے ساتھ بائیک پر جاتے ہوئے راستے میں ایک پل کے قریب وینکٹ رامن کو دوبارہ شدید سینے کا درد ہوا، جس کے باعث وہ بائیک سے گر پڑا اور سڑک پر بے ہوش ہوگیا۔ اس کی بیوی نے راہگیروں اور گاڑی چلانے والوں سے ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کی، لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔ بالآخر وینکٹ رامن کی سڑک پر ہی دل کے دورے سے موت ہوگئی۔
متوفی کے پسماندگان میں پانچ سالہ بیٹا اور ڈیڑھ سالہ بیٹی شامل ہیں۔ اس کی بیوی نے شوہر کی آنکھیں عطیہ کر دیں۔ ادھر بیٹے کی موت کی خبر سن کر وینکٹ رامن کی والدہ کو بھی دل کا دورہ پڑا، تاہم بروقت علاج سے ان کی جان بچ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ چھ اولاد میں آخری تھے اور اس سانحے کو ماں برداشت نہ کر سکی۔
واقعے کے دوران سڑک پر شوہر کی جان بچانے کے لئے بیوی کی بے بسی کے مناظر پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔



