بھارت ہندو ملک ہے، آئینی مہر لگانے کی ضرورت نہیں : موہن بھاگوت

کولکتہ _ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ بھارت پہلے سے ہی ایک ہندو ملک ہے اور اس کے لئے آئینی منظوری کی کوئی ضرورت نہیں۔ وہ کولکتہ میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح سورج کے مشرق سے طلوع ہونے کے لیے آئین کی منظوری درکار نہیں، اسی طرح بھارت کا ہندو ملک ہونا بھی ایک حقیقت ہے۔
موہن بھاگوت نے واضح کیا کہ ہندوتوا نظریے پر یقین رکھنے والی آر ایس ایس اس بات کی پروا نہیں کرتی کہ بھارت کو ہندو ملک قرار دینے کے لیے پارلیمنٹ میں قانون یا آئین میں ترمیم کی جائے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے آئین کی تمہید میں ’’ہندو‘‘ کا لفظ شامل کیا جائے یا نہ کیا جائے، آر ایس ایس کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ جب تک ایسے لوگ موجود ہیں جو بھارت کو اپنی ماتا بھومی مانتے ہیں
، بھارتی تہذیب کا احترام کرتے ہیں اور یہاں کے آبا و اجداد کی وراثت کو تسلیم کرتے ہیں، تب تک بھارت ہندو ملک ہی رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندستان پیدائشی طور پر ایک ہندو ملک ہے اور یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔



