بھارت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 95 کروڑ

بھارت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 2025 تک 95 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، جو 2024 (88.6 کروڑ) کے مقابلے میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہے۔ انٹرنیٹ صارفین میں 57 فیصد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔ یہ انکشاف ’انٹرنیٹ اینڈ موبائل ایسوسی ایشن آف انڈیا‘ (IAMAI) اور کانتار کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کردہ ’انٹرنیٹ اِن انڈیا رپورٹ 2025‘ میں سامنے آیا ہے
۔ رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں میں کنیکٹیویٹی میں تیزی سے بہتری، شارٹ ویڈیوز کی بڑھتی مقبولیت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال میں اضافہ اس رجحان کی بڑی وجوہات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ملک میں 95.8 کروڑ فعال انٹرنیٹ صارفین تھے، جن میں سے تقریباً 54.8 کروڑ کا تعلق دیہی بھارت سے تھا۔ شہری علاقوں کے مقابلے دیہی علاقوں میں فعال صارفین کی تعداد چار گنا تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
ملک بھر میں شارٹ ویڈیوز کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، جہاں 58.8 کروڑ افراد نے شارٹ ویڈیوز دیکھے۔ دیہی علاقوں میں یہ تعداد شہری علاقوں سے قدرے زیادہ رہی، جبکہ نوجوان طبقہ ان ویڈیوز کو سب سے زیادہ پسند کر رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 44 فیصد صارفین وائس سرچ، امیج سرچ، اے آئی فلٹرز اور چیٹ بوٹس جیسے مصنوعی ذہانت کے فیچرز استعمال کر رہے ہیں۔ 15 سے 24 سال کی عمر کے صارفین میں ان فیچرز کا استعمال خاصا زیادہ ہے۔
عام آن لائن شاپنگ کے ساتھ ساتھ کوئک کامرس اور سوشل کامرس (سوشل میڈیا کے ذریعے خریداری) میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ شہری علاقوں میں گزشتہ سال 56 فیصد انٹرنیٹ صارفین نے آن لائن شاپنگ کئے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 19.3 کروڑ صارفین ایک سے زیادہ ڈیوائسز (مثلاً موبائل کے ساتھ لیپ ٹاپ) پر انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔ دیہی علاقوں (12 فیصد) کے مقابلے شہری علاقوں (31 فیصد) میں یہ شرح کہیں زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں اب بھی تقریباً 57.9 کروڑ افراد ایسے ہیں جو انٹرنیٹ کو فعال طور پر استعمال نہیں کر رہے، تاہم یہ تعداد ہر سال کم ہو رہی ہے۔ یہ رپورٹ ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ افراد پر کئے گئے سروے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔



