سواری منسوخ کرنے پر اب اولا اور اوبر وصول کریں گے 10 فیصد کرایہ کی رقم – مصروف اوقات میں ڈبل کرایہ

حکومت نے اولا اور اوبر جیسی رائیڈ ہیلنگ (Ride-Hailing) خدمات کو اجازت دے دی ہے کہ وہ مصروف اوقات کے دوران کرایوں کو بنیادی نرخ سے دو گنا تک بڑھا سکتی ہیں،
جب کہ پہلے یہ حد صرف ڈیڑھ گنا تھی۔ اسی طرح، کم مصروف اوقات میں کرایہ بنیادی نرخ کے 50 فیصد سے کم نہیں ہو سکتا۔ یہ تبدیلیاں "موٹر وہیکل ایگریگیٹر گائیڈ لائنز 2025” (Motor Vehicle Aggregator Guidelines 2025) کا حصہ ہیں۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے یہ بھی منظوری دی ہے کہ اگر کوئی ڈرائیور بلا جواز سواری منسوخ کرتا ہے تو اُس پر کرائے کے 10 فیصد کے برابر جرمانہ عائد کیا جائے گا، جو زیادہ سے زیادہ 100 روپے ہو گا۔
یہی اصول مسافروں پر بھی لاگو ہوگا، اگر وہ بغیر کسی مناسب وجہ کے سواری منسوخ کریں گے۔مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان نئی گائیڈ لائنز کو اجرا کی تاریخ سے تین ماہ کے اندر نافذ کریں۔ ریاستیں چاہیں تو ان قواعد میں مزید دفعات بھی شامل کر سکتی ہیں۔