غیر این ڈی اے جماعتوں سے بہار نتائج پر محاسبہ کرنے کی بیرسٹر اویسی نے کی اپیل
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے بہار کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے 5 امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے غیر این ڈی اے جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی شکست پر سنجیدگی سے غور کریں اور اپنی کمزوریوں کا جائزہ لیں۔
بیرسٹر اویسی، جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران ریاست میں بھرپور مہم چلائی حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں یہ گمان نہ کریں کہ ووٹر خودبخود ان کی طرف مائل ہو جائیں گے، بلکہ انہیں اپنی خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ وہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آر جے ڈی بی جے پی کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوگی، اور اس حوالے سے اپنی سابقہ تقاریر کا حوالہ بھی دیا۔
انہوں نے اُن لوگوں سے بھی اپیل کی جو روایتی ’ایم وائی‘ (مسلم۔یادو) فارمولے پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ اپنی سوچ پر نظرِ ثانی کریں۔
بیرسٹر اویسی نے کہا کہ میں بہار کے عوام کا شکر گزار ہوں۔ خاص طور پر یہ بات میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ آر جے ڈی بی جے پی کو نہیں روک سکتی۔ میری تقاریر دیکھ لیجیے، میں نے یہ بات صاف کہی تھی۔ آج بھی میں ان لوگوں سے کہہ رہا ہوں کہ وہ ’ایم وائی‘ (مسلم اور یادو) کے فارمولے کے بارے میں غلط فہمی دور کریں۔



