پیان کارڈ معاملہ: اعظم خان اور بیٹے عبد اللہ قصوروار قرار، 7-7 سال قید سزا

نئی دہلی ۔سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اور رامپور کے سابق رکن پارلیمنٹ اعظم خان اور ان کے بیٹے سابق رکن اسمبلی عبد اللہ اعظم کو پھر سے جیل جانا پڑ سکتا ہے۔
دراصل رامپور کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت نے 2 پین کارڈ معمالوں میں قصوروار قرار دیا ہے۔ عدالت نے پیر (17 نومبر) کو یہ فیصلہ سنایا ہے، جو 2019 میں درج اس مقدمہ میں ایک اہم موڑ ہے۔ ان دونوں پر دھوکہ دہی، جعلسازی اور مجرمانہ سازش کے الزام ثابت ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ 2019 میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ آکاش سکسینہ نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
قصوروار قرار دیے جانے کے بعد عدالت میں اعظم خان اور عبد اللہ اعظم کو حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں عدالت نے اعظم خان اور ان کے بیٹے سابق رکن اسمبلی عبداللہ اعظم کو 7-7 سال قید کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ دونوں پر 50-50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ پھر دونوں کو فوری طور پر عدالتی حراست میں لے لیا گیا۔
جب فیصلہ سنایا گیا تو مقدمہ کے مدعی بی جے پی رکن پارلیمنٹ آکاش سکسینہ بھی عدالت میں موجود تھے۔ 6 دسمبر 2019 کو رامپور کے سول لائنز تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔۔ بی جے پی رکن اسمبلی آکاش سکسینہ نے الزام عائد کیا تھا کہ عبد اللہ اعظم نے 2 مختلف تاریخ پیدائش کی بنیاد پر 2 پین کارڈ بنوائے تھے۔



