ووٹر لیسٹ کی نظرثانی مہم کے خلاف پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے احتجاج سے زبردست ہنگامہ آرائی دیکھی گئی
۔ ملک کی 12 ریاستوں اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے عمل پر فوری بحث کرانے کے لیے اپوزیشن نے التوا کی تحریک پیش کی، مگر اسپیکر اوم برلا نے اسے مسترد کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد اپوزیشن جماعتیں SIR کے مسئلے پر فوراً بحث کرانے کے مطالبے پر اڑ گئیں، جس کے نتیجے میں دونوں ایوانوں میں شدید شور شرابہ مچ گیا۔
بعد ازاں اپوزیشن ارکان پلے کارڈز ہاتھوں میں لیے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔ اسپیکر کی سخت سرزنش کے بعد اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ کے احاطے میں اپوزیشن قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا۔
اس موقع پر اپوزیشن نے الزام لگایا کہ SIR کے نام پر لاکھوں اہل شہریوں کے ووٹ—خصوصاً کمزور طبقوں کے ووٹ—فہرست سے نکالے جا رہے ہیں، جو جمہوری حقوق کی کھلی پامالی ہے۔



