طیارہ حادثہ۔ دس منٹ کی تاخیر اور خاتون کی جان بچ گئی

نئی دہلی ۔احمد آباد میں پیش آئے ایئر انڈیا فلائٹ کے حادثہ نے کئی لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا اور کئی خاندانوں میں غم و اندوہ چھوڑ گیا تاہم صرف دس منٹ کی تاخیر نے ایک نوجوان خاتون کی جان بچا لی۔ شدید ٹریفک میں پھنسنے کی وجہ سے وہ احمد آباد میں پیش آئے اس حادثے سے بال بال بچ گئیں۔ اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ ان کا جسم اب بھی کانپتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خدا نے ہی انہیں اس فضائی حادثے سے بچایا۔بھومی چوہان نامی یہ خاتون احمد آباد سے لندن جانے کے لیے ایئر انڈیا کی پرواز AI171 میں سفر کرنے والی تھیں۔ ایئرپورٹ پہنچنے کے دوران وہ ٹریفک میں پھنس گئیں جس کے باعث وہ دس منٹ لیٹ ہو گئیں تب تک وہ فلائٹ روانہ ہو چکی تھی اور چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گئی۔ اس دل دہلا دینے والے واقعہ کے بارے میں بھومی چوہان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
بھومی چوہان جو لندن میں اپنے شوہر کے ساتھ رہتی تھیں دو سال بعد چھٹی پر ہندوستان آئی تھیں۔ انہوں نے کہا "صرف دس منٹ کی تاخیر کے باعث میں فلائٹ نہیں لے سکی۔ میں اس فضائی حادثے کو بیان بھی نہیں کر سکتی۔”یہ بات قابل ذکر ہے کہ احمد آباد سے لندن روانہ ہونے والی ایئر انڈیا فلائٹ AI171 ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گئی۔
اس حادثے میں 241 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ صرف ایک فرد زندہ بچ گیا۔ حادثے کے وقت طیارے میں 230 مسافر اور 12 عملے کے ارکان سوار تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی ہو گی۔ ہلاک ہونے والوں میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی شامل ہیں۔