تلنگانہ

نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ کے امیدوار کی تائید سے متعلق جماعت اسلامی ہند کا اہم بیان

نظام آباد:(پریس نوٹ)جماعت اسلامی ہند نظام آباد کے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ کے بموجب اسمبلی انتخابات2023ء؁ کے سلسلہ میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ ڈاکٹر خالد مبشرالظفر کی زیر نگرانی چند دن قبل ارکان جماعت کی ایک اہم ترین نشست منعقد ہوئی جس میں مشاورت کے بعد یہ طئے پایا کہ امت مسلمہ کی سیاسی رہنمائی کی غرض سے ارکان جماعت پر مشتمل ایک سیاسی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ذمہ یہ کام طئے ہوا کہ شہر نظام آباد سے فسطائی طاقتوں کو کامیاب ہونے سے باز رکھنے کے علاوہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیاجائے اور شہر نظام آباد کے مسلمانوں کو درپیش مسائل سے متعلق مقامی منشور تیار کرکے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف امیدواروں سے تبادلہ خیال کیاجائے۔

 

چنانچہ اس سلسلہ میں 15/نومبر2023ء؁ بروز چہارشنبہ بمقام ابواللیث ہال،مرکز جماعت اسلامی ہند متصل مسجد رضا بیگ احمدی بازار نظام آباد پر دوپہر میں کانگریس پارٹی کے امیدوار جناب محمدشبیر علی اور شام کے اوقات میں بی آر ایس پارٹی کے امیدوار جناب بیگالہ گنیش گپتا ان کے رفقاء کے ہمراہ اجلاس منعقد ہوا۔

 

اس اجلاس میں مذکورہ بالا اہم ترین نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ واضح کیاگیا کہ یہ اجلاس کسی بھی امیدوار کی حمایت اور مخالفت پر مشتمل نہیں ہے۔ الحمدللہ دونوں امیدواروں سے خوشگوار انداز سے گفتگو ہوئی اور دونوں ہی امیدواروں نے جماعت اسلامی ہند کے منشور پر سنجیدگی سے غور و فکر کرتے ہوئے کامیابی کے بعد اسے عملی جامہ پہنانے کے عزم کااظہار کیا۔

واضح رہے کہ نظام آباد کی سیاسی کمیٹی زمینی سطح پر بغور جائزہ کرکے ایک جامع رپورٹ حلقہ کو روانہ کرے گی۔ حلقہ کے ذمہ داران کی جانب سے یہ فیصلہ کیاجائے گاکہ حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن کے انتخابات میں کس امیدوار کی تائید وحمایت کرتے ہوئے عوام کی رائے عامہ کو ہموار کیاجاسکے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button