اشرار نے اسد الدین اویسی کی قیامگاہ پر اسرائیل کی حمایت میں پوسٹرس لگادئیے

نئی دہلی ۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کی قومی دارالحکومت میں واقع قیامگاہ پر حملے کے بعد اشرار نے ان کے مکان کے گیٹ اور بورڈ پر اسرائیل کی تائید میں پوسٹرس لگائے، حملہ آوروں نے صدر مجلس کے گھر پر "آئی اسٹینڈ وتھ اسرائیل” کے پوسٹر لگائے
اور انہیں نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ صدر مجلس کی قیامگاہ پر لگائے گئے پوسٹر پر ہندی زبان میں لکھا ہے "بھارت ماتا کی جئے” اسد الدین اویسی کی اہلیت منسوخ کی جائے۔ صدر مجلس کی قیام گاہ پر حملے کے واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ مٹھی بھر لوگ ایک رکن پارلیمنٹ کی قیام گاہ کے سامنے کھڑے ہو کر نعرہ بازی کرتے ہیں اور ویڈیو گرافی کرتے ہیں تو
پولیس کو کیسے اس بات کا علم نہیں ہوتا، بروقت پولیس وہاں کیوں نہیں پہنچی۔ واضح رہے کہ فلسطین کی حمایت میں نعرہ لگانے کے بعد سے ہی بی جے پی کے ارکان و قائدین صدر مجلس کے خلاف برہمی کا اظہار کر رہے تھے۔