گوتم ادانی کو فوری گرفتار کرنے راہول گاندھی نے کیا مطالبہ

نئی دہلی – امریکی عدالت میں رشوت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہونے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (SEBI) کی چیئرپرسن مادھابی پوری بچ پر بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
کانگریس کے مرکزی دفتر میں جنرل سیکریٹری جے رام رمیش کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی گزشتہ کئی سالوں سے اڈانی کی حفاظت کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے مطالبہ کیا کہ حالیہ الزامات کی جانچ کے لیے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (JPC) تشکیل دی جائے اور کہا کہ کانگریس اس معاملے کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اٹھائے گی۔
راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ گوتم اڈانی نے بدعنوانی کے ذریعے ملک کی جائیدادوں کو لوٹا ہے اور ان کی فوری گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ سے تمام حقائق سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے SEBI کی چیئرپرسن کو ان کے عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ان ریاستوں میں جہاں رشوت کے الزامات سامنے آئے ہیں، وہاں کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت ہو، غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔