گجرات میں ہائی پروفائل پارٹی پر چھاپہ، 80 سے زائد افراد حراست لڑکیاں بھی شامل

احمد آباد: گجرات کے سانند میں پولیس نے ایک ہائی پروفائل شراب اور حقہ پارٹی پر چھاپہ مار کر 80 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ 2.91 کروڑ روپے مالیت کا لگژری سامان ضبط کیا گیا۔
یہ تقریب شادی کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی جس میں احمدآباد کی معروف شخصیات شریک تھیں۔ چہارشنبہ کی رات گجرات کے سانند علاقے میں پولیس کی ایک بڑی کارروائی کے دوران 81 افراد کو حراست میں لیا گیا
جب افسران نے ایک ہائی پروفائل شراب اور حقہ پارٹی پر چھاپہ مارا۔ یہ تقریب سانند–نلسروور روڈ پر واقع ایک ویک اینڈ ہوم میں منعقد کی جا رہی تھی جو نروانا گرینس نامی ایک پاش رہائشی سوسائٹی کے اندر واقع ہے۔
حکام کے مطابق یہ پرتعیش تقریب آدرش اگروال نامی شخص کی شادی کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ پارٹی میں احمدآباد کے کئی معروف بلڈرس، تاجر اور ڈاکٹرس شریک تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ خانگی مقام کے اندر 11 میزوں پر شراب، حقہ اور کیک سجائے گئے تھے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے رات گئے چھاپہ مارا اور شراب، حقہ کا سامان اور بی ایم ڈبلیو اور آؤڈی سمیت 20 سے زائد لگژری گاڑیاں ضبط کر لیں۔
ضبط کیے گئے تمام سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2.91 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔تمام 81 افراد جن میں 43 مرد اور 38 خواتین شامل ہیں ان کو سانند پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور بعد ازاں سرکاری اسپتال میں طبی معائنے کے لیے
بھیجا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام حراست میں لیے گئے افراد کے میڈیکل ٹیسٹ اور پس منظر کی جانچ جاری ہے۔ زیادہ تر افراد کی عمر 40 سال سے کم بتائی جا رہی ہے۔ حکام نے کہا کہ یہ واقعہ سانند علاقے میں
خانگی شراب اور حقہ پارٹیوں کے بڑھتے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے اور ایسے قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہرایا گیا ہے۔ تحقیقات تاحال جاری ہیں۔پولیس نے چھ ماہ قبل پیش آنے والے
ایک اسی نوعیت کے واقعے کا بھی حوالہ دیا جب سانند کے گلیڈ گالف ریزورٹ میں معروف رئیل اسٹیٹ بزنس مین پرتیک سانگھوی کی سالگرہ کی تقریب کے دوران چھاپہ مارا گیا تھا۔ اس کارروائی میں 39 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تھی
جن میں 13 مرد گرفتار ہوئے جبکہ 26 خواتین کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ اس دوران پولیس نے 11 شراب کی بوتلیں اور کئی موبائل فون بھی ضبط کیے تھے۔




