آسام میں راج دھانی ایکسپریس ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی، 8 ہاتھی ہلاک، بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

گوہاٹی: ریاست آسام میں ہفتہ کی علی الصبح ایک افسوسناک ریل حادثہ پیش آیا۔ راج دھانی ایکسپریس سائرانگ سے دہلی جا رہی تھی کہ ہوجائی ضلع میں پٹریوں پر موجود ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں آٹھ ہاتھی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، جبکہ ٹکر کی شدت سے انجن سمیت پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے ترجمان کے مطابق حادثہ کے وقت ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ واقعہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے اور محکمہ جنگلات کے عہدیدار موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ واقعہ پیش آنے والا مقام ہاتھیوں کا باضابطہ کوریڈور نہیں ہے۔ لوکو پائلٹ نے پٹری پر ہاتھیوں کے جھنڈ کو دیکھتے ہی ہنگامی بریک لگائی، تاہم ٹکر سے بچا نہ جا سکا۔
حادثہ کے باعث اس روٹ پر ریل آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ متعدد ٹرینوں کو متبادل راستوں سے روانہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعہ کی وجوہات جاننے کے لئے تفصیلی جانچ جاری ہے۔



