کرناٹک۔گینگ ریپ کے ملزمین کی ضمانت پر رہائی کے بعد منایا گیا جشن ، نکالی گئی ریالی

بنگالورو: ریاست کرناٹک کے ضلع ہاویری میں گزشتہ سال ایک خاتون کے ساتھ پیش آئے اجتماعی طورپر عصمت ریزی کے واقعہ نے ریاست بھر میں سنسنی مچادی تھی۔ اس واقعہ میں ملوث ملزمین کو حال ہی میں
عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد وہ جیل سے باہر آ کر جیت کا جشن مناتے ہوئے ریالی نکالتے نظر آئے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل ہوگیا جس پر عوام میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے۔
یہ واقعہ ہاویری ضلع کے اکّی الوّر قصبے میں پیش آیا تھا۔ ملزمین کے قریبی دوستوں نے ان کے جیل سے باہر آنے پر ملزمین کا پرتپاک استقبال کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمین تیز رفتار گاڑیوں اور بائیکس پر
سوار ہو کر شور مچاتے ہوئے جلوس کی شکل میں سڑکوں پر نکلے اور جشن منایا۔ اس مناظر کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین میں سخت ناراضگی دیکھی جا رہی ہے اور عوام پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یہ کیس جنوری 2024 کا ہے، جب ایک خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ کچھ افراد نے اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔ متاثرہ خاتون کے مطابق وہ ہناگل علاقے کے ایک ہوٹل میں اپنے دوست کے ساتھ ٹھہری
ہوئی تھیں کہ اچانک چند افراد زبردستی ان کے کمرے میں گھس آئے اور اسے قریبی جنگل میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔تحقیقات کے بعد پولیس نے 7 ملزمین سمیت جملہ 19 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
متاثرہ خاتون نے ابتدائی شناخت کے دوران ملزمین کو پہچان لیا تھا لیکن عدالتی کارروائی کے دوران انہیں شناخت کرنے میں
مشکل پیش آئی جس کے نتیجہ میں 12 افراد کو تقریباً 10 ماہ قبل ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا،اور حال ہی میں دیگر 7 ملزمین کو بھی ضمانت پر رہائی حاصل ہوگئی، ان کی رہائی پر منائے گئے جشن کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
اس واقعہ پر سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ بہت سے افراد کا کہنا ہے کہ یہ صرف قانون کے ساتھ مذاق نہیں بلکہ متاثرہ خاتون کی توہین بھی ہے۔ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں
کہ پولیس فوری طور پر ان ریلی نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی پر عدالت نوٹس لے۔