نیشنل

رام نومی جلوس کے دوران ماحول خراب کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمین کی پولیس نے پیدل پریڈ کروائی

جھارکھنڈ کے ضلع دھنباد کے بلیا پور علاقے میں رام نومی کے دوران ماحول خراب کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمین کی پولیس نے عوامی سطح پر پیدل پریڈ کروائی، پولیس نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ اس کارروائی کے دوران 20 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مزید ملزمین کی تلاش جاری ہے۔

 

یہ واقعہ بھیکرائی پور میں رام نومی کے جلوس کے دوران پیش آیا، جہاں جمعہ کی شام پتھراؤ کے نتیجے میں تقریباً چھ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ معمولی جھڑپ دو برادریوں کے نوعمر لڑکوں کے درمیان ہوئی تھی، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

 

زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور علاج کے بعد انہیں ہاسپٹل سے فارغ کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حالات کو تقریباً آدھے گھنٹے کے اندر قابو میں لے لیا۔

 

سینئر پولیس عہدیدار پرابت کمار اور سٹی ایس پی رتِوک شریواستو کے مطابق اس وقت علاقے میں مکمل امن و امان قائم ہے اور حالات معمول پر آ چکے ہیں۔

 

پولیس نے بتایا کہ اس کیس میں 40 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمین کو بلیا پور بازار اور بھیکراج پور میں پیدل پریڈ کروایا گیا تاکہ عوام کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ تہوار کے دوران بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

حکام نے واضح کیا ہے کہ باقی ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button