ٹینس کے نامور کھلاڑی لیانڈر پیس بی جے پی میں شامل

نئی دہلی: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران ٹینس کے نامور کھلاڑی لیانڈر پیس بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ منگل کے روز انہوں نے مرکزی وزیر کرن رجیجو کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر رجیجو نے پیس کی کامیابیوں کو یاد کیا۔ واضح رہے کہ پیس نے صرف 22 سال کی عمر میں 1996 اٹلانٹا اولمپکس میں مردوں کے سنگلز مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔
اس موقع پر کرن رجیجو نے کہا ’’انہوں نے اولمپک میڈلس کی فہرست میں بھارت کا نام شامل کیا۔ اب وہ بی جے پی کے پلیٹ فارم سے ملک کی خدمت کریں گے۔‘‘کولکتہ میں پیدا ہونے والے پیس نے اپنے والدین کی
حوصلہ افزائی سے ٹینس کی طرف رخ کیا۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے مجموعی طور پر 18 گرینڈ سلیم ٹائٹلس جیتے جن میں 10 مکسڈ ڈبلس اور 8 مردوں کے ڈبلس شامل ہیں۔انہوں نے 2021 میں ٹینس کو خیرباد کہہ
کر ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس وقت پارٹی کے لیے انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔ اب مغربی بنگال میں انتخابات دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ہوں گے جبکہ نتائج 4 مئی کو اعلان کیے جائیں گے۔



