نیشنل

پٹنہ میں آر جے ڈی لیڈر کا فائرنگ کرکے قتل

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر راج کمار رائے کو چہارشنبہ کی رات ریاست بہار پٹنہ کے منا چیک علاقے میں دو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

 

واقعہ چترگپت نگر پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے منا چیک علاقے میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق راج کمار رائے کا رگھوپور اسمبلی حلقے سے انتخاب میں حصہ لینے کا امکان تھا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے تاہم ابتدائی طور پر یہ حملہ اراضی کے تنازعہ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ راج کمار رائے اراضیات سے متعلق کاروبار میں مصروف تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور رائے کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

 

 

پولیس نے جائے وقوعہ سے چھ کارتوس برآمد کیے ہیں۔ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس میں حملہ آوروں کو واردات انجام دیتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

 

مشرقی پٹنہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پریچئے کمار کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button