دہلی نظام الدین میں واقع درگاہ شریف پٹے شاہ کی عمارت کا چھت گر گیا،6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

دہلی کے نظام الدین علاقے میں ہمایوں کے مقبرے کے قریب واقع معروف درگاہ شریف پٹے شاہ کے ایک کمرے کی چھت جمعہ کے روز گر گئی، جس کے نتیجہ میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 9 افراد کو ایمس ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے 6 کو مردہ قرار دے دیا۔ مرنے والوں میں دو مرد شامل ہیں جن کی عمریں بالترتیب 79 اور 35 سال ہیں، جبکہ چار خواتین میں سے دو کی عمریں 40 سال اور ایک کی عمر 42 سال بتائی گئی ہے۔اور ایک کی عمر 35 سال ہے
حادثے کی اطلاع شام تقریباً 4 بج کر 30 منٹ پر ملتے ہی دہلی فائر سروس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آٹھ سے نو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ تھا اور پانچ فائر بریگیڈ گاڑیاں امدادی کام میں لگائی گئیں۔
دہلی پولیس کے مطابق 11 افراد کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہمایوں کے مقبرے میں کام کرنے والے وشال کمار نے بتایا کہ جب ہم نے دھماکے جیسی آواز سنی تو میرا سپروائزر دوڑتا ہوا آیا، ہم نے لوگوں اور انتظامیہ کو بلایا اور آہستہ آہستہ پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا۔
ریسکیو کیے گئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ کچھ کو معمولی تو کچھ کو شدید چوٹیں آئیں۔ ماہر انجینئر اور تحقیقاتی ٹیم حادثے کی وجوہات جانچنے کے لیے موقع کا معائنہ کر رہی ہے۔ درگاہ کے اردگرد کا علاقہ محفوظ بنانے اور تفتیش میں آسانی کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث چھت کی بوسیدگی اس حادثے کی بڑی وجہ ہو سکتی ہے