نیشنل

آر ایس ایس کی صد سالہ تقاریب – سلمان خان سمیت کئی فلمی شخصیات کی شرکت سے نئی بحث

ممبئی میں منعقدہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے صد سالہ جشن میں بالی ووڈ کی نمایاں شخصیات کی شرکت ملک بھر میں بحث کا موضوع بن گئی ہے۔ عام طور پر سیاسی اور سماجی تقریبات سے دور رہنے والے کئی فلمی ستاروں کی اس پروگرام میں موجودگی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

 

ورلی کے نہرو سینٹر میں “100 ایئرز آف سنگھ جرنی: نیو ہورائزنز” کے عنوان سے دو روزہ خصوصی کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کی۔ اس موقع پر سنگھ کے نظریات، ملک کی ترقی میں ادارے کے کردار اور مستقبل کی سمت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

تقریب میں بالی ووڈ کے کئی بڑے اداکار، اداکارائیں، ہدایت کار اور پروڈیوسرز شریک ہوئے۔ سپر اسٹار سلمان خان، اکشے کمار، رنبیر کپور، وکی کوشل اور جیکی شروف کے علاوہ ہیما مالنی، روینہ ٹنڈن، شلپا شیٹی، اننیا پانڈے، پونم ڈھلوں اور روپالی گنگولی جیسی اداکارائیں بھی موجود تھیں

 

۔ ہدایت کار و پروڈیوسرز میں کرن جوہر، سبھاش گھئی، مدھر بھنڈارکر، نتیش تیواری، اوم راؤت اور آنند ایل رائے جبکہ گلوکار عدنان سمیع، موسیقار پریتَم اور نغمہ نگار پرَسون جوشی نے بھی شرکت کی۔

 

دو روزہ تقریبات کے دوران بعض شخصیات نے ہفتہ اور بعض نے اتوار کو شرکت کرتے ہوئے سنگھ قیادت سے مختلف سماجی موضوعات پر گفتگو کی۔ خصوصاً موہن بھاگوت کی تقریر کو بالی ووڈ شخصیات نے غیر معمولی دلچسپی سے سنا، جو اس تقریب کی نمایاں جھلک رہی۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق پہلی بار فلمی دنیا کی اتنی بڑی تعداد کا آر ایس ایس کے صد سالہ پروگرام میں ایک ہی اسٹیج پر جمع ہونا ایک اہم پیش رفت ہے۔ عام طور پر تنازعات سے دور رہنے والے فلمی ستاروں کی جانب سے قومی ثقافت اور اقدار سے متعلق مباحث میں حصہ لینا سیاسی و سماجی حلقوں میں معنی خیز اشارہ سمجھا جا رہا ہے،

 

جبکہ خصوصاً سلمان خان اور رنبیر کپور کی موجودگی سوشل میڈیا پر گرم موضوع بنی ہوئی ہے۔ یہ تقاریب ممبئی فلمی صنعت اور سنگھ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی علامت قرار دی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button