بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان ہاسپٹل میں شریک

ممنئی: مشہور و معروف فلمی کہانی نویس سلیم خان کو ممبئی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے۔ وہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے والد ہیں۔ سلیم خان کی عمر 90 برس ہے۔
ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل کے ذرائع کے مطابق انہیں منگل 17 فروری کی صبح ہاسپٹل میں شریک کیا گیا اور اس وقت وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے ان کے مختلف طبی معائنے کیے جا رہے ہیں۔
سلمان خان کو ہاسپٹل سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا تاہم انہوں نے میڈیا سے بات چیت نہیں کی۔سلیم خان کے داماد اتل اگنی ہوتری بھی ہاسپٹل پہنچے۔سلیم خان نے گزشتہ نومبر میں اپنی 90 ویں سالگرہ ارکان خاندا کے ساتھ منائی تھی۔
اس موقع پر ان کی بیٹی ارپیتا خان نے اپنے والد کو خراجِ محبت پیش کرتے ہوئے انہیں اپنی “کہکشاں” قرار دیا تھا۔سلیم خان نے 1970 کی دہائی میں بے پناہ شہرت حاصل کی جب انہوں جاوید اختر کے ساتھ مل کر مشہور جوڑی قائم کی۔
دونوں نے مل کر کئی یادگار فلموں کی کہانیاں لکھیں جن میں، شہرہ آفاق فلم شعلے، ہاتھی میرے ساتھی، زنجیر اور یادوں کی بارات شامل ہیں۔ اس کے بعد دوستانہ، ترشول، ڈان اور دیوار جیسی فلموں نے انھیں ہندی سینما کے کامیاب ترین مصنفین میں شامل کر دیا۔
انہوں نے پردۂ سیمیں پر “برہم نوجوان یعنی اینگری ینگ مین ” کا تصور متعارف کروایا جسے امیتابھ بچن نے نبھایا۔ بعد ازاں یہ جوڑی ٹوٹ گئی جاوید اختر نے نغمہ نگاری کی جانب رخ کیا جبکہ سلیم خان نے کہانی نویسی جاری رکھی۔
بعد ازاں انہوں نے نام جیسی فلم تحریر کی جس میں سنجے نے مرکزی کردار ادا کیا اور فلم نے انہیں دوبارہ نمایاں مقام دلایا۔



