نیشنل

چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے ملک کی پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ بننے والی ثانیہ مرزا کی ملاقات

حیدرآباد _ 28 دسمبر ( اردولیکس ڈیسک) نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کا امتحان پاس کرنے کے بعد ملک کی پہلی مسلم فائٹر پائلٹ بننے والی اترپردیش کی ثانیہ مرزا نے منگل کو ریاست کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ تقریبا آدھا گھنٹہ کی اس ملاقات کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ نے ثانیہ مرزا اور ان کے والدین سے مختلف امور پر بات چیت کی۔

چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کے بعد اترپردیش کے وزیر مملکت برائے اقلیتی بہبود دانش آزاد انصاری نے بتایا کہ ثانیہ مرزا نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ اس دوران ان کے والد شاہد علی اور والدہ تبسم مرزا بھی موجود تھیں۔ثانیہ اور ان کے والدین کا چیف منسٹر یوگی سے تعارف کرایا گیا۔ انصاری نے کہا کہ آدتیہ ناتھ نے ثانیہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ساتھ ہی  یوگی آدتیہ ناتھ  نے ان کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور کہا، ’’ہماری لڑکیوں کو اس طرح کے ریکارڈ بناتے رہنے کی ضرورت ہے۔

دانش انصاری کے مطابق، چیف منسٹر نے کہا کہ اگر ثانیہ   آپ کو کبھی کوئی  ضرورت ہو۔ حکومت کی طرف سے کسی قسم کا تعاون ہو تو بلا جھجک پوچھیں کیونکہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔انصاری نے کہا کہ ثانیہ اقلیتی برادری کا فخر ہے اور ریاست کی بی جے پی حکومت نے تعلیم اور خواتین کے لیے کوششیں کی ہیں۔

 

ایک عام خاندان میں پیدا ہونے والی ثانیہ مرزا نے اتر پردیش کی پہلی خاتون پائلٹ ہونے کا کارنامہ انجام دے کر ریاست کا نام روشن کیا ہے۔مرزا پور ضلع کے گاؤں جسوور کی ثانیہ مرزا نے رواں سال اپریل میں این ڈی اے کا امتحان دیا تھا۔ نومبر میں جاری ہونے والے نتیجے میں ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ وہ ان دو خواتین میں سے ایک ہیں جنہیں فلائنگ ونگ میں منتخب کیا گیا ہے۔ ثانیہ کی ٹریننگ پونے میں ہوگی۔ ثانیہ مرزا ملک کی پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ بن سکتی ہیں۔ اگر وہ فائٹر پائلٹ بنتی ہیں تو اتر پردیش کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ بھی ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button