نیشنل

پرینکا گاندھی اور کانگریس کے دیگر قائدین کی گرفتاری کے بعد سونیا گاندھی مندر مارگ پولیس اسٹیشن پہنچیں

نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے تقریباً سوا تین گھنٹے تک دھرنا دیا۔ بعد ازاں دہلی پولیس نے راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریس قایدین کو حراست میں لے لیا۔

 

پرینکا گاندھی سمیت کئی کانگریس ارکان پارلیمنٹ کو مندر مارگ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جبکہ راہول گاندھی کو چھترسال اسٹیڈیم لے جایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق حراست کے دوران راہول گاندھی کی ناک پر معمولی چوٹ بھی آئی ہے۔

 

قایدین کی حراست کے تقریباً دو گھنٹے بعد کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی مندر مارگ پولیس اسٹیشن پہنچیں، تاہم انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وہ پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر حکام سے بات چیت کرتی نظر آئیں۔

 

کانگریس قایدین نے نیٹ  امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں پر دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس کے سینئر رہنما سچن پائلٹ نے کہا کہ طلبہ پر لاٹھی چارج اور اپوزیشن لیڈر کو زبردستی حراست میں لینا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی عوامی مفاد میں پرامن احتجاج کر رہے تھے اور نیٹ معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔

 

امراوتی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ بلونت وانکھیڈے نے الزام لگایا کہ پرامن احتجاج کے باوجود پولیس نے کانگریس رہنماؤں کو گرفتار کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ نہیں لیا جاتا، کانگریس اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button