فرقہ وارانہ فسادات کو روکنے اسپیشل ایکشن فورس کا قیام

کرناٹک حکومت نے ریاست میں پیش آنے والے فرقہ وارانہ فسادات اور کشیدگی پر قابو پانے کے لئے ایک نئی اسپیشل ایکشن فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے 28 مئی کو اس سلسلے میں نئے احکامات جاری کئے۔ اس فورس میں تین کمپنیاں ہوں گی اور اسے جنوبی کنڑا، شیواموگہ اور اُڈپی اضلاع میں تعینات کیا جائے گا، جہاں فرقہ وارانہ واقعات کے امکانات زیادہ پائے جاتے ہیں
۔ فورس میں 248 عہدیدار شامل ہوں گے، جن میں ایک سینئر ڈی آئی جی رینک کا عہدیدار بھی ہوگا۔ ان عہدیداروں کو اینٹی نکسل فورس سے لیا جائے گا۔اس فورس کی اولین ترجیح فرقہ وارانہ کشیدگی، اشتعال انگیز تقاریر اور نفرت انگیزی سے متعلق خفیہ معلومات اکٹھا کرنا ہوگی
۔ اس کے علاوہ، ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مختلف برادریوں کے قائدین سے مذاکرات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف ریاستی وزیر داخلہ جی پرمیشور نے کیا۔