بہار میں تیجسوی یادو عظیم اتحاد کے چیف منسٹر امیدوار

نئی دہلی: تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے عظیم اتحاد نے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے تیجسوی پرساد یادو کو باضابطہ طور پر اپنا وزیر اعلیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔یہ اعلان راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر
رہنما اشوک گہلوٹ نے آج پٹنہ میں منعقدہ مہا گٹھبندھن کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے دیپانکر بھٹاچاریہ، مارکسی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کے للن چودھری، اور وکاس شیل
انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ مکیش ساہنیسمیت کئی اہم رہنما موجود تھے۔اپنے خطاب میں اشوک گہلوٹ نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے مزید ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے بتایا کہ یہ
فیصلہ پارٹی کے اعلیٰ قائدین راہل گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سینئر قائدین کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو کی قیادت میں عظیم اتحاد (مہا گٹھبندھن) نے 2020 کے بہار اسمبلی
انتخابات میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی لیکن چند ہزار ووٹوں کے فرق سے حکومت بنانے سے محروم رہ گیا تھا۔



