دہلی میں لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کا سچ۔ پولیس کا بیان

نئی دہلی: دہلی میں بچوں اور خواتین کی گمشدگیوں میں غیر معمولی اضافے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر دہلی پولیس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے ان دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بعض حلقوں کی جانب سے اعداد و شمار کو غلط تناظر میں پیش کر کے عوام میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور چند ذرائع ابلاغ میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ قومی دارلحکومت میں خاص طور پر لڑکیوں اور خواتین کے لاپتہ ہونے کے معاملات میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔
ان اطلاعات کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جارہی تھی تاہم دہلی پولیس نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لینے پر گزشتہ تقریباً دس برسوں کے دوران ایسے معاملات میں کوئی غیر معمولی رجحان سامنے نہیں آیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں پولیس نے کہا کہ
لڑکیوں کے اچانک غائب ہونے سے متعلق جو تاثر قائم کیا جا رہا ہے وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق کچھ عناصر مبالغہ آمیز انداز میں معلومات کو پیش کر رہے ہیں اور ممکن ہے کہ اس کے پیچھے مالی مفاد کارفرما ہو۔ بیان میں کہا گیا کہ پیسے کے لالچ میں خوف پھیلانا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل
میں لائی جائے گی۔اس سے قبل بھی دہلی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور کسی بھی معلومات کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کر لیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہر لاپتہ یا مبینہ طور پر اغوا کیے گئے فرد کی تلاش کے لیے چوبیس گھنٹے کارروائی جاری رہتی ہے
اور متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد مدد فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بچوں اور خواتین کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور صورت حال معمول کے مطابق ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے دور میں غلط معلومات تیزی سے پھیلتی ہیں
اس لیے شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ مستند اعداد و شمار پر اعتماد کریں۔



