نیشنل

سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی۔ پولیس کو پیغام بھیجنے والا گرفتار

ممبئی ۔ ممبئی پولیس نے مشہور بالی وڈ اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے والے شخص کو جھارکھنڈ کے شہر جمشیدپور سے گرفتار کر لیا ہے۔ کچھ دن پہلے ممبئی ٹریفک پولیس کے ہیلپ لائن نمبر پر گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام سے ایک دھمکی موصول ہوئی تھی، جس میں سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی بش رت دیگر  5 کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

 

یہ دھمکی آمیز پیغام 17 اکتوبر کو ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر موصول ہوا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر سلمان خان نے 5 کروڑ روپے ادا نہیں کیے تو ان کا انجام "این سی پی لیڈر بابا صدیقی سے بھی برا ہوگا”۔ پیغام میں مزید کہا گیا کہ اگر سلمان خان اپنی جان بچانا چاہتے ہیں اور لارنس بشنوئی سے دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں، تو انہیں فوراً 5 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنی ہوگی۔

 

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی شخص نے بعد میں ایک اور پیغام بھیجا، جس میں اس نے کہا کہ پہلا پیغام غلطی سے بھیج دیا گیا تھا۔ لیکن اس وضاحت کے باوجود پولیس نے معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں۔ چہارشنبہ کو پولیس نے بتایا کہ جمشیدپور، جھارکھنڈ سے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اب ممبئی کی ورلی پولیس کی ایک ٹیم ملزم سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

 

ملزم کو ممبئی منتقل کرنے کے لیے قانونی کاروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔

 

یہ واقعہ سلمان خان کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے، کیونکہ ماضی میں بھی انہیں کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button