تلنگانہ کے جگتیال کی تین خواتین کار سمیت پانی میں بہہ گئیں – درگاہ کی زیارت سے واپسی کے دوران مہارشٹرا میں حادثہ

تلنگانہ کے جگتیال ضلع سے تعلق رکھنے والی تین خواتین اور ایک شخص مہاراشٹر میں پیش آنے والے دلخراش حادثے کا شکار ہوگئے۔ یہ سب ایک درگاہ کی زیارت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ اچانک ان کی کار سیلابی پانی کی نذر ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق جگتیال شہر کے ٹی آر نگر کی حسینہ، سمینہ اور آفرین اپنے رشتہ دار شعیب کے ساتھ اتوار اور پیر کی درمیانی رات اُودگیر مہاراشٹر کے قریب بابا کی درگاہ سے واپس آرہے تھے۔ شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور کار پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس کر بہہ گئی۔ موقع پر ہی گاڑی کے ساتھ چاروں افراد کار کے ساتھ بہہ رہے تھے تاہم ڈرئیور کسی طرح بچ کر نکلنے کی اطلاع ہے جس کی تصدیق نہیں ہوئی ۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم تینوں خواتین کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ تیز بہاؤ کے باعث تلاشی کارروائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اس واقعے نے ٹی آر نگر میں غم و اندوہ کی فضا طاری کردی ہے۔ لواحقین اور مقامی لوگ شدید صدمے میں ہیں اور مسلسل جائے وقوعہ پر موجود رہ کر ریسکیو کارروائیوں کا انتظار کر رہے ہیں۔متاثرین کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر سال اس درگاہ پر حاضری کے لیے جاتے تھے لیکن اس بار کا سفر جان لیوا ثابت ہوا۔