مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے ایک اور رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی پر حملہ

کولکتہ : مغربی بنگال میں اتوار کی صبح پر ٹی ایم سی کے ایک اور رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی پر حملہ کیا گیا۔ ہگلی ضلع کے چندی تالہ پولیس اسٹیشن کے باہر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپ کے دوران ایک پتھر ان کے سر پر آ لگا، جس سے وہ زمین پر گر پڑے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ممتابنرجی کے بھانجہ و رکن پارلیمنٹ ابھیشک بنرجی پر بھی بی جے پی کے کارکنوں نے حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا تھا
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں گرفتار کئے گئے پارٹی قایدین کی رہائی کے مطالبہ پر ترنمول کارکن پولیس اسٹیشن میں یادداشت پیش کرنے پہنچے تھے۔ اسی دوران بی جے پی کارکن بھی وہاں جمع ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی، جس کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کلیان بنرجی کارکنوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن کی جانب جا رہے تھے اور مرکزی سیکورٹی فورسز ان سے پوچھ تاچھ کر رہی تھیں کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والا پتھر ان کے سر پر لگا۔
کلیان بنرجی نے الزام لگایا کہ پولیس اسٹیشن میں یادداشت پیش کرنے جانے والے ترنمول کارکنوں پر بلاجواز حملہ کیا گیا۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی کے پیش نظر بڑی تعداد میں پولیس اور مرکزی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔



