3 مارچ کو آسمان پر سرخ چاند کا نظارہ، مکمل چاند گرہن کے اوقات جاری

اس سال کا پہلا مکمل چاند گرہن منگل3 مارچ کو ہوگا، جسے ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔ چاند گرہن ایک فلکیاتی مظہر ہے جو اُس وقت پیش آتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے عین درمیان آجاتی ہے اور اپنی پرچھائیں چاند کی سطح پر ڈالتی ہے۔ یہ ترتیب صرف پورے چاند (فل مون) کے موقع پر ہی ممکن ہوتی ہے۔
مکمل مرحلے کے دوران چاند سرخ رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔ اس کی وجہ ریلی اسکیٹرنگ ہے، جس میں زمین کے ماحول کے ذریعے مختلف رنگوں کی شعاعیں اپنی طولِ موج کے اُلٹ تناسب سے منتشر ہوتی ہیں۔ سرخ رنگ کی شعاعیں کم منتشر ہوتی ہیں، اس لئے وہ چاند تک پہنچتی ہیں اور چاند سرخی مائل نظر آتا ہے۔
وزارتِ ارضی علوم ہند کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مکمل چاند گرہن 3 مارچ 2026 کو ہوگا۔ ہندوستان کے زیادہ تر علاقوں میں چاند طلوع ہونے کے وقت گرہن کے اختتامی مرحلے کا مشاہدہ کیا جا سکے گا، تاہم شمال مشرقی ریاستوں اور انڈمان و نکوبار جزائر کے بعض علاقوں میں گرہن کے مکمل مرحلے کا اختتام بھی واضح طور پر نظر آئے گا۔
محکمہ موسمیات ہند کے مطابق چنئی اور کنیا کماری جیسے مقامات پر گرہن تقریباً 31 منٹ تک دکھائی دے گا۔
گرہن کا آغاز دوپہر 3 بجکر 20 منٹ (بھارتی معیاری وقت) پر ہوگا اور اختتام شام 6 بجکر 48 منٹ پر ہوگا۔ مکمل مرحلہ، جب چاند مکمل طور پر زمین کے سایہ میں ڈھک جائے گا، شام 4 بجکر 34 منٹ پر شروع ہوکر 5 بجکر 33 منٹ پر ختم ہوگا۔



