حیدرآباد سے بنگلورو کا سفر صرف 2 گھنٹے میں: مرکزی وزیر اشونی ویشنو

نئی دہلی: مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے لیے تین ہائی اسپیڈ کوریڈورس کے اعلان کا معاملہ سامنے آ چکا ہے۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے اعلان کیا ہے کہ
حیدرآباد سمیت سات شہروں کے درمیان ہائی اسپیڈ ریل کوریڈورس قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ممبئی–احمد آباد کے درمیان ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کے علاوہ کئی ریاستوں اور اضلاع کو جوڑنے والے
مشرقی اور مغربی ٹرانسپورٹ کوریڈورس پر کام جاری ہے۔اسی تناظر میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے ہائی اسپیڈ کوریڈورس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب حیدرآباد اور بنگلورو کے درمیان سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
ان کے مطابق حیدرآباد سے بنگلورو صرف دو گھنٹوں میں پہنچا جا سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ٹرینیں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔اشونی ویشنو نے مزید کہا کہ ہائی اسپیڈ کوریڈور مکمل ہونے کے
بعد حیدرآباد سے چنئی کا سفر محض 2.55 گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا۔ اس منصوبے سے تلنگانہ، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے درمیان معیشت، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں تیز رفتار ترقی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہائی اسپیڈ ریل منصوبے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے یاد دلایا کہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ریلوے شعبے کے لیے 5,454 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔



