نیشنل
سلمان خان کے گھر میں گھسنے کی کوشش، خاتون سمیت 2 افراد گرفتار

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی دو الگ الگ وارداتیں حال ہی میں سامنے آئی ہیں۔ ممبئی پولیس نے دونوں واقعات میں ملوث ایک مرد اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جب جتیندر کمار سنگھ نامی شخص غیر قانونی طور پر سلمان خان کے باندرہ میں واقع رہائش گاہ "گیلیکسی اپارٹمنٹس” میں داخل ہو گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ سلمان خان سے ملنے کی خواہش رکھتا تھا۔
دوسرا واقعہ چہارشنبہ کے روز پیش آیا جب ایک خاتون نے بھی اداکار کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد سے تفتیش جاری ہے اور ان کے ارادوں کی مکمل جانچ کی جا
رہی ہے۔