ایک ہی رن وے پر انڈیگو اور ائیر انڈیا کے دو طیارے _ ممبئی کے چھترپتی شیواجی ایرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا

ممبئی _ 9 جون ( اردولیکس ڈیسک،) ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ کی صبح دو طیاروں کے درمیان بھیانک ٹکراو کا ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی ایئرپورٹ کے ایک ہی رن وے پر انڈیگو کی فلائٹ لینڈنگ کر رہی تھی اور اسی وقت ایئر انڈیا کی فلائٹ وہاں سے ٹیک آف کر رہی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی ایئر انڈیا کا طیارہ کیرالا کے ترواننت پورم کے لئے رن وے سے ٹیک آف کیا، اس کے ساتھ ہی انڈیگو کا طیارہ رن وے پر اتر گیا اگر چند سکنڈس کی تاخیر ہوتی تو بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔
اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس پر لوگ حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔ انڈیگو ایئر لائنز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ‘8 جون کو انڈگو کی پرواز نمبر 6E 6053 اندور سے ممبئی پہنچی تھی اور اے ٹی سی نے اسے ممبئی ایئرپورٹ پر اترنے کی منظوری دے دی تھی۔ جس کے بعد اے ٹی سی کی ہدایات پر انڈیگو کے پائلٹ نے طیارے کو رن وے پر اتارا۔ انڈیگو کے اہلکار نے کہا کہ ہم نے اس واقعہ کی شکایت کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تقریباً 240 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دو طیارے اچانک اسی رن وے پر آ گئے۔ اس سے پہلے کہ دونوں طیارے آپس میں ٹکراتے، ایک طیارہ فضا میں ٹیک آف کر گیا اور چند سیکنڈز میں سینکڑوں مسافروں کی جانیں بچ گئیں۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 6 بجے ممبئی ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ اس واقعہ کے نوٹس میں آنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی سی اے کی یہ جانچ تین پہلوؤں پر مبنی ہے۔ پہلا- کیا ایئر انڈیا کے پائلٹ نے ٹیک آف میں تاخیر کی ۔ دوسرا -کیا انڈیگو کے پائلٹ نے لینڈنگ میں تیزی کی۔ تیسرا – کیا ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) نے دو پروازوں کے درمیان لینڈنگ-ٹیک آف ٹائم وقفہ کا حساب لگانے میں غلطی کی۔ اب ان تینوں میں اصل غلطی کس نے کی، اس کا پتہ ڈی جی سی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ہی چلے گا۔
ایک ہی رن وے پر دو طیاروں کا اترنا درست ہے یا غلط؟
ہوابازی کے ماہرین کے مطابق ایک ہی رن وے سے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف ایک عام سی بات ہے۔ ہاں، حفاظتی وجوہات کی بنا پر، اے ٹی سی دونوں طیاروں کے درمیان مناسب وقت کا وقفہ برقرار رکھتا ہے۔ ممبئی ایئرپورٹ سمیت دنیا کے تمام مصروف ہوائی اڈوں پر یہ رواج ہے کہ جیسے ہی کسی طیارے کے ٹائر رن وے سے نکلتے ہیں، چند سیکنڈ بعد لینڈنگ کرنے والا طیارہ رن وے کو چھوتا ہے۔ ممبئی ہوائی اڈے پر ٹیک آف اور لینڈنگ کے درمیان وقت کا وقفہ تقریباً 40 سے 45 سیکنڈ ہے۔ یعنی ہر 45 سیکنڈ میں ایک طیارہ ٹیک آف کرتا ہے اور دوسرا طیارہ لینڈ کرتا ہے۔