اترپردیش کے صبیح خان ایپل کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر

حیدرآباد _ 9 جولائی ( اردو لیکس ڈیسک) معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھارتی نژاد صبیح خان کو چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ کمپنی نے بدھ کے روز اس بات کا اعلان کیا۔ صبیح خان رواں ماہ کے آخر تک جیف ولیمز کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
صبیح خان گزشتہ تین دہائیوں سے ایپل سے وابستہ ہیں اور 2019 میں انہیں سینئر نائب صدر آپریشنز کے طور پر ایگزیکٹو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت ایپل کی سپلائی چین اور مینوفیکچرنگ آپریشنز کے امور کی نگرانی کر رہے تھے۔
کمپنی کے بیان کے مطابق: "چیف آپریٹنگ آفیسر کی ذمہ داریاں اس ماہ کے آخر میں مرحلہ وار منتقل کی جائیں گی، یہ ایک طویل عرصے سے منصوبہ بند تبدیلی ہے۔” بیان میں کہا گیا کہ جیف ولیمز ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کُک کو رپورٹ کرتے رہیں گے اور ایپل کی ڈیزائن ٹیم، ایپل واچ اور ہیلتھ پروگرامز کی نگرانی کرتے رہیں گے۔ تاہم، ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کمپنی کی ڈیزائن ٹیم براہ راست سی ای او ٹم کُک کو رپورٹ کرے گی۔
صبیح خان نے جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، امریکہ میں ایپل کی پیداواری سرگرمیوں کو وسعت دی اور عالمی چیلنجز کے تناظر میں کمپنی کی لچکدار حکمت عملی میں مدد کی۔
ایپل کے سی ای او ٹِم کُک نے کہا کہ صبیح خان نے سپلائی چین کی قیادت کرتے ہوئے ایپل کے لیے نہایت اہم خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی قیادت میں کمپنی نے کئی اہم سنگِ میل عبور کیے۔”
صبیح خان 1966 میں بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں پیدا ہوئے۔ وہ پانچویں جماعت تک وہیں تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ سنگاپور منتقل ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے امریکہ جا کر ٹفٹس یونیورسٹی سے اکنامکس اور مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلرز، اور رینسلیر پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ سے مکینیکل انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
ایپل میں شمولیت سے قبل صبیح خان GE Plastics میں ایپلیکیشنز ڈیولپمنٹ انجینئر اور ٹیکنیکل لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 1995 میں ایپل کے پروکیورمنٹ گروپ کا حصہ بنے تھے۔