اترکھنڈ میں خوفناک حادثہ، ہائیڈرو پاور پراجکٹ کی سرنگ میں دو لوکو ٹرینوں کا تصادم، 60 زخمی
اترکھنڈ میں خوفناک حادثہ، ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی سرنگ میں دو لوکو ٹرینوں کا تصادم، 60 زخمی
اترکھنڈ کے چمولی ضلع میں ایک سنگین حادثہ پیش آیا۔ وشنوگڑ–پیپل کوٹی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی سرنگ میں منگل کی نصف شب دو لوکو ریلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ایک لوکو ریل میں پروجیکٹ پر کام کرنے والے مزدور اور افسران سفر کر رہے تھے، جبکہ دوسری لوکو ریل تعمیراتی سامان لے جا رہی تھی۔
اس حادثے میں تقریباً 60 افراد زخمی ہوئے۔ چمولی ضلع کلکٹر گورو کمار کے مطابق، دونوں ریلوں میں مجموعی طور پر 109 مزدور اور افسران سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام افراد کو بحفاظت سرنگ سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
انتہائی زخمی 10 افراد کو گوپیشور ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو پروجیکٹ کے احاطے میں ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام نے کہا کہ واقعہ کی مکمل جانچ کی جائے گی اور آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ چمولی ضلع میں ہیلانگ–پیپل کوٹی کے درمیان الکنندا ندی پر ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت چار ٹربائنوں کے ذریعے بجلی پیدا کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس پروجیکٹ کو آئندہ سال مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔



